مجتبیٰ خامنہ ای کا خلیجی ممالک کے حکمرانوں سے حقیقی دشمن کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ

ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک کے حکمرانوں سے حقیقی دشمن کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خلیجی حکمرانوں کے نام سوشل میڈیا پر تحریری پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی مجرم حکمران صرف ایران کے نہیں تمام مسلم امہ کے دشمن ہیں، خلیجی ممالک اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ حقیقی دشمن کے منصوبوں کو سمجھیں اور اس کا مقابلہ کریں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے دنیا بھر کے مسلمانوں پر اتحاد قائم کرتے ہوئے دشمنوں کے خلاف باہمی دفاع اور باہمی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام رسول اکرم ﷺ کی ولادت کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوت اور عزم سے کھڑی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر کوئی بھی مجبور نہیں کرسکتا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی ہم جنگ کے خواہاں ہیں لیکن کسی بھی جارح کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔