نادیہ افگن کو کس طرح کے اداکار زیادہ متاثر کرتے ہیں؟

نادیہ افگن — فائل فوٹو

پاکستان کی سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے موجودہ دور کے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے بارے میں بتادیا۔

حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان کے موجودہ ٹیلی وژن اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

دورانِ پروگرام جب ان سے موجودہ دور کی پسندیدہ اداکارہ کے بارے میں پوچھا گیا تو نادیہ افگن نے سجل علی کو سرفہرست رکھا۔

انہوں نے سجل کی غیر معمولی اداکاری کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سجل کے تاثرات اور اداکاری میں غیر معمولی وسعت ہے، وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں، میرے خیال میں وہ سب کچھ کرسکتی ہیں۔

نادیہ نے اقرا عزیز اور سحر خان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا۔

مرد اداکاروں میں احد رضا میر بھی ان فنکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے نادیہ افگن کو متاثر کیا۔

سینئر اداکارہ نے بالخصوص احد رضا کے فطری اندازِ اداکاری کو سراہا اور وضاحت کی کہ وہ ایسے فنکاروں کو پسند کرتی ہیں جو کردار کو اس طرح نبھاتے ہیں کہ ان کی اداکاری محسوس نہ ہو، بلکہ کردار فطری انداز میں آگے بڑھتا دکھائی دے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایسے اداکاروں کی معترف ہوں جن کی پرفارمنس اتنی رواں اور فطری ہو کہ ناظرین یہ بھول جائیں کہ وہ کسی کی اداکاری دیکھ رہے ہیں۔

نادیہ افگن نے اپنے پسندیدہ اداکاروں میں فرحان سعید کا نام بھی لیا اور ان کے ساتھ اپنی یادگار اسکرین کیمسٹری کا ذکر کیا اور محبت سے فرحان سعید کو اپنا بیٹا قرار دیا۔