لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن پریس کانفرنس میں دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد علی نے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو انگلینڈ کے دورے پر ڈراپ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کیوں ٹیم میں نہیں، اس سوال کا جواب دینا میرا کام نہیں، بورڈ سے اس بات کا جواب لیجئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ور کرکٹر ہیں، ہم اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں، لیڈز میں ہماری خراب بولنگ کی اصل وجہ سرد موسم تھا، ہم اس بات کو مانتے ہیں، ہم ویسٹ انڈیز میں قدرے گرم موسم میں کھیلے تھے، بطور کرکٹر ہم کو ہر موسم میں کھیلنا چاہیے، لیکن ہم خراب کھیلے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سال کے محمد علی نے کہا کہ ہم نے لارڈز ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں اچھی بولنگ کی، لیکن اہم مواقعوں پر کیچ ڈراپ کر کے ہم نے انگلینڈ کو اچھا اسکور بنانے کا راستہ دیا۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ کسی پر ذمہ داری نہیں ڈالنا چاہیں گے، کرکٹ میں کیچ پکڑے بھی جاتے ہیں، اور ڈراپ بھی ہوتے ہیں، میں کوئی معذرت نہیں کروں گا۔ لیکن اگر کیچ ہوجاتے، تو انگلینڈ سے شاید ہم آگے ہوتے۔