سبھاش گھئی کا سلمان خان کے ساتھ ہاتھا پائی ہونے کا انکشاف

تصویر سوشل میڈیا۔

ممتاز بھارتی فلمساز، ہدایتکار اور پروڈیوسر سبھاش گھئی نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ اپنے ماضی کے اختلافات کو یاد کرتے ہوئے بات ہاتھا پائی تک پہنچنے کا انکشاف کیا ہے۔

سلمان خان اور سبھاش گھئی نے 2008 میں فلم یووراج میں ایک ساتھ کام کیا، لیکن اس دوران دونوں جھگڑا ہوا تاہم سلیم خان کی مداخلت کے بعد معاملہ رفع دفع ہوا۔

حال ہی بھارتی میڈیا سے ایک انٹرویو میں سبھاش گھئی نے سلمان خان کے ساتھ اپنے اس جھگڑے کے بارے میں بتایا کہ یوراج کے لیے سلمان خان کے بھائی نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا آپ سلمان کے ساتھ فلم کیوں نہیں بناتے؟ میں نے کہا کیا سلمان اس کے لیے تیار ہیں؟ کیونکہ میں نے اس سے پہلے کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کیا، انہوں نے کہا وہ تیار ہیں۔ 

اس کے بعد میں نے ایک کہانی لکھی۔ میرا چیلنج یہ ہوتا ہے کہ مجھے کسی اداکار کو ایسے کردار میں کاسٹ کرنا ہوتا ہے جو اس نے پہلے کبھی نہ کیا ہو۔ لیکن فلم کرنے سے پہلے ہماری لڑائی بلکہ ہاتھا پائی ہوئی۔ اس کے بعد ان کے والد نے انہیں ڈانٹا۔

81 سالہ سبھاش گھئی نے کہا کہ ہم ایک پارٹی میں تھے جہاں سلمان نے مدہوشی میں مجھ سے کچھ غلط بات کی، تو میں نے ان سے کہا ایسا مت کہیں۔ ان کا میرے ساتھ کوئی مسئلہ تھا۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا آپ نے یہ کیوں کیا یا وہ کیوں کیا؟ میں نے کہا کہ بحیثیت ڈائریکٹر یہ میرا فیصلہ ہے۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے گالیاں دینا شروع کر دیں۔ میں نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا۔ یوں وہاں ہمارے درمیان بحث اور جھگڑا ہوگیا۔

سبھاش گھئی نے بتایا ہم دونوں کے درمیان اختلاف اس وقت ختم ہوا جب سلیم خان نے معاملے میں مداخلت کی، سلمان کو ڈانٹا اور انہیں معافی مانگنے کے لیے بھیجا۔ اگلی ہی صبح سلیم صاحب نے مجھے فون کیا اور بتایا کہ سلمان نے یہ تمام باتیں اپنی والدہ کو بھی بتائی ہیں، انہوں نے کہا میں نے اسے ڈانٹا ہے۔ 

پھر انہوں نے سلمان کو میرے گھر معافی مانگنے کے لیے بھیجا۔ وہ آئے اور بہت شائستگی سے مجھ سے معافی مانگی۔ اس کے بعد مجھے ان سے محبت ہوگئی کیونکہ وہ اپنے والد کی اتنی عزت کرتے تھے۔ میں نے وہ معاملہ ختم کر دیا۔ ہم اکثر ایک دوسرے سے ملنے بھی جاتے تھے۔ اس کے بعد ہم نے ایک ساتھ فلم بھی بنائی۔

سلمان خان، انیل کپور اور کترینہ کیف جیسے بڑے اداکاروں کے کاسٹ میں ہونے کے باوجود نومبر 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم یووراج باکس آفس پر کوئی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔