لیاری گینگ وار کے ملزم ملا نثار کی ضمانت منظور

علامتی تصویر۔

انسداد دہشتگردی عدالت کراچی نے لیاری گینگ وار کے ملزم ملا نثار کی ضمانت منظور کرلی۔ 

ملزم ملا نثار کےخلاف قتل، اقدام قتل اور پولیس مقابلے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ 

عدالت نے کہا تفتیشی افسر نے تسلیم کیا کہ مقدمے کے مدعی اور چشم دید گواہوں کو تلاش نہیں کیا جاسکا۔ دو زخمی خواتین گواہوں نے بھی فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت سے انکار کیا۔

عدالت نے کہا شواہد کی موجودہ صورتحال میں مقدمہ مزید تحقیقات کا متقاضی ہے۔ 

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف 2009 میں تھانہ کلاکوٹ میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا۔