برطانیہ کے تین ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری

برطانیہ کے تین اہم ہوائی اڈوں پر سائبر حملے کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ (میگ) کے مطابق سائبر حملے میں صارفین کے ای میل ایڈریسز، فون نمبرز، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر اور پوسٹ کوڈز سمیت دیگر معلومات حاصل کر لی گئیں۔

سائبر حملے کا نشانہ بننے والے ہوائی اڈوں میں مانچسٹر ایئرپورٹ، لندن اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ اور ایسٹ مڈلینڈز ایئرپورٹ شامل ہیں، جن کا انتظام مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے تحت کیا جاتا ہے۔

کمپنی نے جمعرات کو دوپہر تقریباً ایک بجے سائبر سیکیورٹی کے اس واقعے کا اعلان کیا۔

مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے ترجمان نے بتایا کہ ایک غیر مجاز فریق نے کمپنی کے نظام کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا، جس کے دوران صارفین سے متعلق کچھ ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ معلومات میں کار پارکنگ، لاؤنج اور فاسٹ ٹریک بکنگز کے علاوہ ہوائی اڈوں پر وائی فائی کے لیے رجسٹریشن کرنے والے صارفین کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ خطرے کی نشاندہی ہوتے ہی فوری اقدامات کرتے ہوئے اسے قابو میں کر لیا گیا اور ماہرین کی مدد سے صارفین اور نظام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ نے مزید بتایا کہ متعلقہ حکام کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات اور ضروری کارروائی جاری ہے۔