18 کروڑ سے بنی سڑک 90 دن میں دھنس گئی، 10 فٹ گہرا گڑھا بن گیا

فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت میں 18 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی سڑک صرف 3 ماہ میں ہی دھنس گئی، جس کی وجہ سے سڑک کے درمیان 10 فٹ سے زیادہ گہرا گڑھا بن گیا۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پالگھر میں 15 کلو میٹر طویل سڑک اچانک بیٹھ گئی، گڑھا اتنا بڑا تھا کہ ٹھیکیدار کا ایک ٹرک بھی مبینہ طور پر اس میں پھنس گیا۔

یہ سڑک وزیراعظم دیہی سڑک اسکیم کے تحت کروڑوں روپے کی لاگت سے تعیمر کی گئی تھی، مقامی رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تعمیر کے دوران ناقص معیار کے میٹریل اور غیر معیاری کام کے باعث سڑک صرف تین ماہ میں دھنس گئی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ تعمیر کے دوران ہی انہوں نے سڑک کے معیار کے حوالے سے متعدد بار شکایات کی تھیں، تاہم متعلقہ حکام نے ان کی شکایات کو نظر انداز کیا۔

نئی تعمیر شدہ سڑک کے اچانک دھنسنے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ رہائشیوں نے تعمیراتی کام کی مکمل تحقیقات اور ذمہ دار ٹھیکیدار سمیت متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔