کیرولین لیویٹ بطور پریس سیکریٹری اپنے کام کے آخری دن بچوں کو وائٹ ہاؤس لے آئیں

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

کیرولین لیویٹ بطور وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری آخری دن اپنے بچوں کو وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم میں لے آئیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے دونوں چھوٹے بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، وہ اپنے ایک چھوٹے بچے کو کیمروں کی طرف دیکھ کر مسکرانے کا بھی کہتی رہیں۔

کیرولین لیویٹ کا بطور پریس سیکریٹری وائٹ ہاؤس جمعرات آخری دن تھا جس کے بعد ان کی تقریباً 20 ماہ کی مدتِ ملازمت ختم ہو گئی۔

آخری دن اپنے انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ ماں کا کردار نبھانا اور ملازمت کے تقاضے پورے کرنا اب ایک ساتھ ممکن نہیں رہا تھا، ملازمت کرنے والی ماں کے لیے ہر دن چیلنج ہوتا ہے، آپ کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ 2 انتہائی کم عمر بچوں کی پرورش کے لیے جس طرح گھر میں موجود ہونے کی ضرورت ہوتی ہے کام کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میری دوسری بیٹی کی پیدائش نے مجھے درحقیقت یہ احساس دلایا کہ گھر پر 2 ایسے بچے موجود ہیں جنہیں اپنی ماں کی ہر وقت (24 گھنٹے) مسلسل توجہ اور موجودگی کی ضرورت ہے اور وہ اس کے حق دار ہیں۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ میرے بچے بہت چھوٹے ہیں اور یہ عمر ایسی ہے جس میں بچوں پر بہت گہرا اثر پڑتا ہے اور ظاہر ہے اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ گزرنے والا یہ وقت ہمیں دوبارہ کبھی نہیں ملتا۔

واضح رہے کہ 29 برس کی لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکریٹری ہیں، ان کے پہلے بیٹے کی عمر 2 سال اور دوسری بیٹی کی عمر 3 ماہ ہے۔