لاس اینجلس ایئر پورٹ پر بوئنگ کارگو طیارہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا

—تصویر بشکریہ بین الاوامی میڈیا

لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بوئنگ 737 کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا۔

طیارہ رات 11 بجے فینکس سے لاس اینجلس پہنچا تھا کہ رن وے پر اترتے وقت اس کے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہو گئی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہونے والی گفتگو میں پائلٹ کو یہ کہتے سنا گیا کہ ممکنہ طور پر طیارے کا ٹائر پھٹ گیا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے بریکس جام ہو گئے ہوں۔

شدید رگڑ کے باعث طیارے کے 4 پچھلے ٹائر پھٹ گئے اور ان میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی، طیارے سے شعلے اور چنگاریاں نکلتی رہیں۔

موقع پر موجود افراد اور ایئر پورٹ کی نگرانی کے کیمروں سے بنائی گئی ویڈیوز میں طیارے کے بائیں لینڈنگ گیئر کے نیچے سے شدید چنگاریاں اور آگ کے شعلے نکلتے دکھائی دیے۔

طیارہ رن وے پر گھسٹتا رہا جبکہ اس کے پیچھے آگ کے شعلے نظر آتے رہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے جلتے ہوئے ٹائروں پر فائر فائٹنگ فوم چھڑک کر آگ پر قابو پا لیا۔

حکام نے ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور رن وے کو ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے رن وے بند کر دیا۔

حادثے کے باوجود طیارے کے عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے واقعے کی وجوہات اور طیارے کے بریک سسٹم میں خرابی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔