بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ منیشا کوئرالا نے گزشتہ روز نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کو دل دہلا دینے والی صورتحال قرار دیتے ہوئے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔
کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیشا نے کہا کہ نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کی تباہی نے انہیں صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
سانحے پر افسوس کرتے ہوئے انہوں نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اچانک تباہی نے انہیں کئی سال قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی۔ یہ قدرتی آفت حالیہ برسوں میں نیپال میں آنے والی مہلک ترین آفات میں سے ایک بن چکی ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ انسانی مصائب کی شدت کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔ میری پہلی سوچ ان تمام افراد کے لیے ہے جو اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں ہم سب کو ان کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ سرحدوں سے بالاتر ہو کر، انسان سے انسان کے تعلق کی بنیاد پر، اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو تکلیف میں دیکھنا واقعی ایک دل دہلا دینے والی صورتحال ہے۔
منیشا نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی تصاویر، خبریں اور کہانیاں ایسی ہیں جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم میں سے بہت سے لوگوں نے کبھی اس طرح کے سیلاب یا قدرت کے اس قدر شدید غضب کا سامنا کیا ہوگا۔ ہم سب کو دعا کرنی چاہیے اور آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ منیشا کا تعلق نیپال سے ہے اور وہ وہیں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے دادا بشویشور پرساد کوئرالا نیپال کے پہلے منتخب وزیرِ اعظم تھے۔
دریں اثنا، بالی ووڈ کی کئی دیگر شخصیات جن میں انوپم کھیر، سنیل شیٹی، سونو سود، سنجے دت اور دیگر نے بھی نیپال میں ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
سونو سود نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، نیپال آپ اکیلے نہیں، ہم خوراک، شیلٹر اور آپ کی تعمیر نو میں مدد کے لیے آ رہے ہیں۔