اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی  وزیر خارجہ سے لندن میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دونوں وزارتِ خارجہ کے درمیان مذاکرات کا میکنزم قائم کرنے پر اتفاق ہوا۔ 

پاکستان اور برطانیہ نے روابط جاری رکھنے پر قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ 

اسحاق ڈار نے خطے میں پاکستان کی امن کوششوں سے برطانوی وزیر کو آگاہ کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں سندھ طاس معاہدے اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی قابل تشویش ہے، بھارت کو بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے افغانستان سے پاکستان کو لاحق دہشتگردی کے خطرات پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ افغانستان سے آپریٹ دہشتگرد گروپس پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے  امن، استحکام اور تعاون کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا پاکستانی کمیونٹی پاک برطانیہ تعلقات اور عوامی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔