جنوبی کوریا کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت ہماری سلامتی کیلئے خطرہ ہے: شمالی کوریا

—فائل فوٹو

 جنوبی کوریا کو امریکی میزائل اور دیگر فوجی ساز و سامان کی فروخت کی منظوری پر شمالی کوریا نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کی مذمت کی ہے۔

شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی شمالی کوریا کے خلاف مسلسل دشمنی ایک بار پھر واضح ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایشیا پیسیفک خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے درمیان فوجی انضمام میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے علاقائی سیکیورٹی پر منفی اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔