انوپم کھیر کا کرن سے شادی کے 41 سال مکمل ہونے پر دلچسپ انکشاف

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر اور اداکارہ کرن کھیر نے شادی کے 41 سال مکمل کر لیے، جس پر انوپم کھیر نے اہلیہ کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر اپنی اور کرن کھیر کی ماضی کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سالگرہ کے موقع پر نئی تصاویر تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ گزشتہ برسوں میں تقریباً تمام تصاویر شیئر کی جا چکی ہیں، تب احساس ہوتا ہے کہ شادی کو واقعی ایک طویل عرصہ گزر چکا ہے۔

اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رشتے میں محبت، خوشیاں، ہنسی، بحث، اختلافات، ساتھ رہنے کے لمحات، انفرادی سفر، مشکل وقت اور اچھے دن سب شامل رہے ہیں، ’دوسرے لفظوں میں یہی شادی ہے۔‘

انوپم کھیر کے مطابق میں اور کرن کھیر ایک دوسرے سے بہت مختلف شخصیات ہیں اور یہی فرق ہمارے 41 سالہ رشتے کو دلچسپ بناتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کو اپنی شخصیت کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی اور مناسب جگہ دی، محبت اپنی جگہ موجود ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ باہمی احترام بھی اتنا ہی قیمتی ہو جاتا ہے۔

’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے اداکار نے اپنی تحریر کے اختتام پر دعا کی کہ ہم دونوں آنے والے کئی برسوں تک ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں۔

واضح رہے کہ انوپم کھیر اور کرن کھیر کی کوئی اولاد نہیں، تاہم انوپم کھیر نے کرن کھیر کے پہلے شوہر سے بیٹے سکندر کھیر کی پرورش میں بھی کردار ادا کیا ہے۔