21 سالہ بھارتی ماڈل کا گھر میں چاقو کے وار سے قتل، جم ٹرینر پر الزام

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 21 سالہ طالبہ اور ماڈل مسکان کو گھر میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے میں مقتولہ کے جم ٹرینر کو ملزم قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ گزشتہ روز مغربی دہلی کے علاقے تلک نگر میں پیش آیا جہاں مسکان عمارت کی دوسری منزل پر واقع اپنے فلیٹ میں اکیلی تھی، ملزم نے مسکان کے گھر میں گھس کر اس پر چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہو گیا۔

مسکان کی چیخیں سن کر پڑوسی اس کے فلیٹ میں پہنچے تو وہ خون میں لت پت پڑی تھی، پڑوسیوں نے مسکان کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد سے ملزم کی تلاش جاری ہے جبکہ تفتیش کار علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

مقتولہ کے ایک دوست کے مطابق مسکان 3 بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی۔

مسکان نے اپنے آخری لمحات میں بڑی بہن کو گھر پہنچنے اور اسپتال لے جانے کی درخواست کی تھی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسکان کی بہنوں کا دعویٰ ہے کہ ملزم جم ٹرینر مسکان کو پہلے بھی ہراساں کرتا رہا ہے اور ماضی میں بھی ان کی بہن کو قتل کرنے کی کوشش کر چکا ہے، اسی وجہ سے تازہ حملے کے بعد جم ٹرینر پر براہِ راست شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس واقعے کی مزید تحقیقات اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔