ایران سے مذاکرات پر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم بیان کے بعد قطری وزیرِ اعظم آج تہران پہنچیں گے

—فائل فوٹوز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں کسی قسم کی جلدی نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف معاشی اور فوجی دونوں اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں، مجھے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں کسی قسم کی جلدی نہیں ہے، اس معاملے کو سلجھانے کے لیے میرے پاس بہت وقت ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان کے بعد قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی آج تہران پہنچیں گے جہاں وہ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری کے مطابق دورے کے دوران قطری وزیرِ اعظم ایرانی حکام سے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

ترجمان کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کا دورۂ ایران قطر کے اس مستقل مؤقف کا تسلسل ہے کہ اختلافات کے حل اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی راستہ ہی بہترین ذریعہ ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کے معاملے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر کو نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

اس سے قبل ایک بیان میں ایران کے نائب وزیرِ خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز بدستور بند ہے۔

ان کے مطابق عمان کے ساتھ عارضی بحری آمد و رفت کے معاہدے کے باوجود آبنائے کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا 17 جون کی مفاہمتی یادداشت میں کیے گئے وعدوں پر واپس آئے۔