اننیا پانڈے اور واکر بلانکو کی 2 سالہ محبت کا بریک اپ پر اختتام

—فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس 

بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے اور سابق امریکی ماڈل واکر بلانکو کے درمیان گزشتہ 2 سال سے جاری محبت کے ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اننیا پانڈے نے گزشتہ ہفتے بریک اپ کا فیصلہ کیا تاہم یہ بریک اپ باہمی رضامندی سے ہوا اور دونوں کے درمیان کوئی تلخی نہیں ہے۔

اننیا اور واکر کی ملاقات ایک پرتعیش بھارتی شادی کی تقریب کے دوران ہوئی تھی، گزشتہ 2 سال کے دوران دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا جبکہ وہ ایک دوسرے کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تصاویر اور پوسٹس میں بھی نظر آئے، اس جوڑے کو بیرونِ ملک ایک ساتھ چھٹیاں مناتے بھی دیکھا گیا۔

اگرچہ دونوں نے کبھی باضابطہ طور پر اپنی محبت کی تصدیق نہیں کی تھی تاہم مداحوں کو ان کی قربت کے کئی اشارے ملتے رہے۔

واکر بلانکو اننیا کی نجی سالگرہ کی تقریب میں بھی شریک ہوئے تھے، سالگرہ کے موقع پر انہوں نے اننیا کے لیے محبت بھرا پیغام بھی جاری کیا تھا۔ 

اننیا نے ایک ایسا ہار بھی زیب تن کیا جس پر واکر کے نام کے ابتدائی حروف درج تھے۔

اننیا پانڈے نے ایک انٹرویو میں محبت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے نزدیک محبت کی بنیاد دوستی، تعلق، اعتماد اور ایک دوسرے کے سامنے خود کو حقیقی طور پر پیش کرنے کی آزادی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ محبت صرف رومانوی رشتے تک محدود نہیں بلکہ دوستوں اور خاندان سمیت ہر جگہ موجود ہے۔

شکاگو سے تعلق رکھنے والے واکر بلانکو سابق ماڈل ہیں اور متعدد بالی ووڈ شخصیات سے دوستی کے باعث بھارتی فلمی حلقوں میں بھی جانے جاتے ہیں۔