امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہلیہ اور سیکنڈ لیڈی اوشا وینس نے انکشاف کیا ہے کہ میں شوہر کو سیاسی معاملات میں کھل کر اور بے لاگ مشورے دیتی ہوں اور مشکل فیصلوں کے دوران ان کی قابلِ اعتماد مشیر کا کردار ادا کرتی ہوں۔
اوشا وینس کے مطابق میں جے ڈی وینس کے پالیسی معاملات میں براہِ راست مداخلت کے بجائے انہیں جذباتی تعاون فراہم کرتی ہوں اور مشکل حالات میں حقیقت پسندانہ رائے دیتی ہوں۔
اوشا وینس نے بتایا کہ شوہر کو دیے گئے میرے یادگار مشوروں میں سے ایک سوشل میڈیا پر گفتگو کے انداز سے متعلق تھا، سیاسی مہم کے دوران میں نے جے ڈی وینس کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر لوگوں سے غیر ضروری تنازعات سے بچنے کے لیے نرم لہجہ اختیار کریں۔
جے ڈی وینس کے مطابق اوشا وینس انتہائی غیر جانبدار ہیں اور جب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ میں کوئی ایسی بات کہہ رہا ہوں جو کچھ زیادہ آگے نکل گئی ہے تو وہ مجھے فوراً کال یا پیغام کر کے اپنی رائے سے آگاہ کرتی ہیں۔
اوشا وینس نے کہا کہ دونوں میاں بیوی ہر معاملے پر ایک جیسی رائے نہیں رکھتے، تاہم ہم اختلافات پر کھلے ذہن کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں، میں اپنے شوہر کو ایک ایسے شخص کی حیثیت سے بامعنی رائے دیتی ہوں جو ان سے محبت کرتی ہے اور ان کی کامیابی چاہتی ہے۔
امریکی نائب صدر کی اہلیہ نے مستقبل میں جے ڈی وینس کے ممکنہ سیاسی عزائم سے متعلق قیاس آرائیوں پر بھی بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ فی الحال خاندان کی توجہ مستقبل کے سیاسی منصوبوں کے بجائے موجودہ اہداف پر مرکوز ہے۔
اوشا وینس کے مطابق جے ڈی وینس اس وقت وسط مدتی انتخابات پر مکمل توجہ دے رہے ہیں، جبکہ میں خود اس سفر کا حصہ بن کر اس سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔