لیجنڈری بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کا آخری فلمی گانا ان کی سالگرہ کے موقع پر آئندہ ماہ ریلیز ہوگا۔ گلوکارہ آشا بھوسلے نے 2023 میں ’اے میری زندگی، تو چھپی ہے کہاں‘ ریکارڈ کروایا تھا۔
آنجہانی گلوکارہ آشا بھوسلے کا یہ فلمی گیت ڈرامہ کامیڈی فلم ’اوم کا ہری‘ میں شامل ہے۔ تین برس قبل ریکارڈ کیا گیا یہ گیت 8 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 8 ستمبر آشا بھوسلے کی سالگرہ کا دن ہے۔
اس فلم میں انشومن جھا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انشومن کا کہنا ہے کہ فلم میں آشا بھوسلے کی آواز شامل ہونا ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوم کا ہری میرے لیے بےحد خاص فلم ہے کیونکہ اس فلم کی بنیاد ہی اس بات پر ہے کہ میں اپنے والد سے کہوں ’میں آپ سے محبت کرتا ہوں‘ یہ کہنا کتنا ضروری ہے۔ جو ایک ایسی بات ہے کہ مجھے کبھی کہنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
انشومن نے مزید بتایا کہ فلم کے جذباتی اظہار کی نمائندگی کرنے والے گانے کو آشا جی کی آواز ملنا میرے لیے ایک فنکار کی حیثیت سے زندگی کے سب سے گہرے اور یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔ ان کے ساتھ اسٹوڈیو میں ہونا محض خوشی اور اطمینان کا احساس تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری صرف یہ خواہش ہے کہ وہ آج ہمارے ساتھ موجود ہوتیں اور اس لمحے کو ہمارے ساتھ مناتیں، لیکن میں جانتا ہوں کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں۔ اپنی روح، اپنی موسیقی اور اپنی آواز سے جو آج بھی بےشمار لوگوں کی زندگیوں کو چھو رہی ہے۔
فلم کے مصنف ہریش ویاس نے آشا بھوسلے کے آخری فلمی گیت کی شمولیت کے حوالے سے کہا کہ ان کی سالگرہ کے موقع پر اس گانے کو ریلیز کرنے کا مقصد آشا بھونسلے کی لازوال آواز، ان کی عظیم میراث اور ان نسلوں کے لیے خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جن کی زندگیوں کو ان کی موسیقی نے متاثر کیا۔
واضح رہے کہ آشا بھوسلے طویل علالت کے بعد 12 اپریل 2026 کو 93 برس کی عمر میں ممبئی میں چل بسی تھیں۔