پمز واقعے کے سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں: طلال چوہدری

وفاقی وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تمام بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم نے انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھیجی گئی ہے، ریسکیو ٹیم اطلاع ملنے کے 6 منٹ کے اندر اسپتال پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے فوری بعد تمام انتظامی افسران یہاں موجود تھے، کسی کی کوتاہی ہوئی تو انکوائری میں سامنے آجائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں، واقعے کے وقت کتنے ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا انکوائری میں سامنے آجائے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جاں بحق ہوگئے۔

پمز اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 بچے تھے، آگ لگنے سے 15 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔