پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار و میزبان علی سلمان نے نوجوان اور باصلاحیت اداکار زاویار نعمان اعجاز کی صحت سے متعلق حیران کن انکشاف کردیا۔
زاویار سینئر اداکار نعمان اعجاز کے صاحبزادے ہیں، جس کے باعث وہ شوبز حلقوں میں پہلے ہی ایک معروف نام ہیں۔
حال ہی میں اداکار علی سلمان اور نعمان مسعود نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران زاویار نعمان کی صحت سے متعلق ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔
نعمان مسعود، علی سلمان کی میزبانی میں ہونے والے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے بتایا کہ زاویار نعمان بچپن میں ایک سنگین بیماری کا شکار تھے، انہوں نے معجزانہ طور پر اس بیماری کا مقابلہ کیا۔
علی سلمان نے گفتگو کے دوران نعمان مسعود سے کہا کہ میں آپ سے ایک سوال کرنا چاہتا ہوں، وہ وقت یاد ہے جب زاویار نعمان اعجاز کو گردن توڑ بخار ہوا تھا؟ رابعہ بھی نعمان اعجاز کے ساتھ جرمنی گئی تھیں۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے کیونکہ نعمان اعجاز ایک سیریل کے لیے جرمنی جا رہے تھے، لیکن اسی دوران زاویار کو گردن توڑ بخار ہوگیا تھا، وہ جرمنی میں تھے اور زاویار بھی ان کے ساتھ وہیں تھا۔
نعمان مسعود نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، رابعہ بھابھی زاویار کو اسپتال لے کر گئی تھیں، پھر نومی کو بھی فوراً اسپتال جانا پڑا، اسے گردن توڑ بخار ہوا تھا اور صورتحال کافی سنگین تھی، لیکن میں یہ واقعہ بھول گیا تھا۔
علی سلمان نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وہ جرمنی میں تھے، کیونکہ پاکستان میں اس کا علاج موجود نہیں تھا، زاویار کا بچ جانا ایک معجزہ تھا۔