پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے آپس میں اختلافات ہيں جو ایک صاف بات ہے۔
حکمران اتحاد کی دو بڑی جماعتوں پی پی اور ن لیگ کے آپس میں اختلافات ہیں، اس بارے میں اسپیکر کے چیمبر میں مذاکرات ہوئے ہیں۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ مذاکرات میں اختلافی معاملات پر بات ہوئی ہے۔ ہم صرف کورم پورا کرنے نہیں آئے ہیں، ہمارے اختلافات ہیں، چاہتے ہیں مسائل حل ہوں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ جب تک مسائل حل نہیں ہوتے اجلاس نامکمل ہوں گے، اگر ہم اتحاد میں ہیں تو اتحاد کو عزت بھی دینا ہوتی ہے۔
اس موقع پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ملاقات اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے، سب ٹھیک ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایشوز کی بات کرتی ہے، چاہتے ہیں مسائل حل ہوں، دونوں سیاسی جماعتیں ایک ساتھ ایک عرصے سے کام کررہی ہیں، بس ایسے ہی ملاقات تھی۔
مذاکرات میں ن لیگ کی نمائندگی رانا ثناء اللّٰہ، طارق فضل چوہدری نے کی جبکہ پی پی وفد میں راجا پرویز اشرف، ضیاء الحسن لنجار بھی شامل تھے ۔
مذاکرات سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں وزیر داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔