سنیتا آہوجا نے گووندا کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا، دونوں میں ازدواجی کشیدگی پھر بڑھ گئی

بالی ووڈ کے سینئر اداکار گووندا کی ناراض اہلیہ سنیتا آہوجا نے اپنے شوہر کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں کہ دونوں کے درمیان ازدواجی کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ 

یہ پیش رفت گووندا کے ایک نئی اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اب یہ دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو نہیں کر رہے اور ان میں جاری کشیدگی فوری طور پر ختم ہوتی نظر نہیں آ رہی، حالانکہ سنیتا نے پہلے ہی طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا تھا۔ 

اس سے قبل جب دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف کھل کر بیانات دیے تھے، تو سنیتا کی جانب سے طلاق کا مقدمہ واپس لینے کے بعد لوگوں کو لگا کہ شاید ان کے اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔ تاہم بعد میں سنیتا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مقدمہ اس لیے واپس لیا کیونکہ گووندا اپنی مبینہ گرل فرینڈ کومل رانی سوارنکر سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ 

اب سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس نئی پیش رفت نے ایک بار پھر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

سنیتا آہوجا نے حال ہی میں گووندا اور ان کی گرل فرینڈ کومل رانی سوارنکر کے حوالے سے نئے دعوے بھی کیے ہیں۔ اگرچہ اس وقت سنیتا اور گووندا ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو نہیں کر رہے، لیکن بھارتی میڈیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ماضی میں دونوں ایک دوسرے کو فالو کرتے تھے۔

گووندا کے منیجر نے سنیتا آہوجا کے دوسری شادی کے دعوے کو مسترد کر دیا اور کہا ایسا کچھ نہیں ہے اور نہ ہی ایسا ہوگا۔ سنیتا آہوجا نے دعویٰ کیا کہ بعض ہوٹلوں سے انہیں فون بھی موصول ہوئے تھے۔ ان دعووں کے بعد گووندا اور کومل رانی سوارنکر کے مبینہ تعلقات کے حوالے سے مزید قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

گووندا اور سنیتا آہوجا نے مارچ 1987 میں اس وقت شادی کی تھی جب گووندا اپنے کیریئر کے عروج پر تھے، اس لیے انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی شادی کو خفیہ رکھیں تاکہ ایک قابل رسائی کنوارے اداکار کی ان کی شبیہ اور خواتین مداحوں میں ان کی مقبولیت برقرار رہے۔ اس جوڑے نے تقریباً دو سال تک اپنی شادی کو عوام کی نظروں سے پوشیدہ رکھا۔ ان کے رشتے کے بارے میں عوام کو 1989 میں اس وقت معلوم ہوا، جب ان کی بیٹی ٹینا پیدا ہوئیں، جو اب نرمدہ آہوجا کے نام سے جانی جاتی ہیں۔