چنئی ایکسپریس میں سوٹ کیس کے بعد گھر سے بھی انسانی اعضاء برآمد

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر چنئی کی ٹرین سے انسانی جسم کے سڑے گلے اعضاء برآمد ہونے کے بعد ایک گھر سے بھی لاش کے چند ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین سے ملنے والے اعضاء 38 سالہ خاتون حیاتن نشاء کے ہیں جو اڑیسہ کی رہائشی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے کیے گئے۔

یہ واقعہ 5 اگست کو اس وقت سامنے آیا تھا جب چنئی سینٹرل سے نئی دہلی جانے والی ٹرین آگرہ ریلوے اسٹیشن پہنچی، مسافروں نے سوٹ کیس سے بدبو آنے کی اطلاع دی جس پر ریلوے پولیس نے سوٹ کیس کھولا تو اس میں انسانی جسم کے گلے سڑے اعضاء موجود تھے۔

تفتیش کے دوران آگرہ ریلوے پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 2 مشتبہ افراد کی شناخت کی اور معلومات چنئی سینٹرل ریلوے پولیس کو فراہم کیں۔

بعد ازاں دونوں مشتبہ افراد کی شناخت مانک لاسکر اور بھاگوتی ماجھی کے نام سے ہوئی۔

پولیس سی سی ٹی وی ریکارڈ کی مدد سے دونوں مشتبہ افراد کا سراغ لگاتے ہوئے چنئی میں واقع ان کے گھر پہنچ گئی اور تلاشی لی جہاں مبینہ طور پر ایک برتن سے انسانی جسم کے مزید گلے سڑے اعضاء برآمد ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں مشتبہ افراد فرار ہیں جن کی گرفتاری کے بعد قتل کی اصل وجہ سامنے آنے کی توقع ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سائنسی شواہد کی بنیاد پر یہ بھی واضح کیا جائے گا کہ گھر سے ملنے والے اعضاء اور ٹرین سے برآمد ہونے والے اعضاء ایک ہی فرد کے ہیں یا نہیں۔

پولیس نے مقتولہ کے بیٹے کی شکایت پر گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔