مسلم لیگ (ن) ہالینڈ کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان اور جشن ولادت رسولﷺ کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام

فوٹو: فائل

دی ہیگ: مسلم لیگ (ن) ہالینڈ کے زیراہتمام دی ہیگ کے مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت اور سید الانبیاء رحمت للعالمینﷺ کی ولادت کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) ہالینڈ کے بانی سر پرست اعلیٰ پیر طاہر شاہ اقرار کی قیادت میں شاندار جشن آزادی کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) ہالینڈ کے وابستگان اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی اور نظامت کے فرائض تنظیم کے صدر فیصل منظور اور سیکریٹری جنرل عبدالباسط خاں نے بڑی عمدگی سے ادا کیے اور مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

ہالینڈ میں سینئیر پاکستانی صحافی اور معروف شخصیت راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے آزادی کے تاریخی پس منظر اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے گذشتہ چند سالوں میں دفاعی و سفارتی سطع پر شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وطن عزیز ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صلاحیتوں کو سراہا۔ 

تنظیم کے سینئیر صدر جاوید بٹ پیارہ نے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ہالینڈ کی ٹیم نے راجہ فاروق حیدر کو نائب صدر کے لیے اور محمد سلیم ملک کو فنانس سیکریٹری کے لیے نامزد کیا جبکہ تنظیم کے سرپرست اعلیٰ پیر طاہر شاہ اقرار،  صدر فیصل منظور جاوید بٹ پیارا اور عبدالباسط خاں نے راجہ فاروق حیدر، محمد سلیم ملک کو پھول پیش کیے۔

تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف کے سابق کوآرڈی نیٹر شرجیل اعوان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بےشمار قربانیوں کے بعد وطن عزیز پاکستان حاصل کیا گیا۔

سماجی شخصیت حاجی رخسار احمد، سید رضوان احمد، نعمان بٹ، باسط قریشی اور شاہزیب نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں پر عمل کر کے مذید کامیابیاں حاصل کر سکتی ہے۔