گووندا، سنیتا آہوجا تنازعہ، گھر کی بات گھر میں ہی رہنی چاہیے، کرشنا ابھیشیک کا مشورہ

فوٹو: بھارتی میڈیا 

بالی ووڈ اداکار اور کامیڈین کرشنا ابھیشیک نے اپنے ماموں گووندا اور ممانی سنیتا آہوجا کے درمیان جاری تنازع پر عوامی سطح پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

کرشنا ابھیشیک نے ممبئی ایئرپورٹ پر پاپارازی کی جانب سے خاندانی معاملات پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں مؤدبانہ انداز میں کہا کہ وہ اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے اور صحافیوں سے ہلکے پھلکے سوالات کرنے کی درخواست کی۔

اداکار نے پاپارازی سے کہا کہ ماما کے بارے میں کوئی سوال مت پوچھنا، میں نے دیکھا ہے کہ لوگ ہمارے گھر کی بات کرکے بہت ویوز لے رہے ہیں، گھر کی بات گھر میں ہی رہنی چاہیے اور انہیں بالکل پسند نہیں کہ دوسرے لوگ اس معاملے پر اتنی گفتگو کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گووندا ان کے ماموں ہیں، اس لیے وہ اپنی طرف سے اس معاملے پر کبھی بات نہیں کریں گے۔ 

کرشنا نے مزید کہا کہ وہ اپنی ممانی سنیتا سے بہت محبت کرتے ہیں اور یقیناً اپنے ماموں سے بھی محبت کرتے ہیں، بس دعا ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہوجائے۔

خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی مارچ 1987 میں ہوئی تھی۔ حالیہ دنوں میں دونوں کے درمیان اختلافات اور مبینہ طلاق کی خبروں کے باعث یہ معاملہ بھارتی میڈیا میں زیرِ بحث ہے۔

 سنیتا کی جانب سے دائر کی گئی طلاق کی درخواست بعد ازاں 19 اگست کو واپس لے لی گئی تھی۔