بیوی کے ہاتھوں شوہر کا لرزہ خیز قتل، پیٹ چاقو سے چیر ڈالا، آنتیں تھیلے میں ڈالتے پکڑی گئی

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست ہریانہ سے شوہر کے قتل کا انتہائی لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کے بعد اس کی آنتیں باہر نکالنے کے لیے پیٹ چاقو سے چیر ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مالک مکان نے خاتون کو مقتول کی باہر نکلی ہوئی آنتیں تھیلے میں ڈالتے دیکھا، شور مچانے پر ملزمہ نے گھبرا کر چھت سے چھلانگ لگا دی اور پکڑی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ راجیش اور اس کی اہلیہ وملہ کرائے کے مکان میں رہتے تھے، دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، واقعے کے روز شام تقریباً 5 بجے مالک مکان نے دونوں کے شور شرابے کی آوازیں سنیں اور چھت پر پہنچا۔

مالک مکان کے مطابق اس نے چھت پر راجیش کو خون میں لت پت پڑا دیکھا جبکہ اس کے پیٹ پر گہرے زخم تھے اور وملہ راجیش کی جسم سے باہر نکلی آنتیں ایک تھیلے میں ڈال رہی تھی۔

مکان مالک نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ مجھے دیکھتے ہی خاتون نے مبینہ طور پر چھت سے چھلانگ لگا دی، چھت سے گرنے کے باعث وملہ زخمی ہو گئی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ملزمہ کا بیان ریکارڈ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجیش کے پیٹ پر تقریباً 35 سینٹی میٹر کا گہرا زخم تھا جو تیز دھار آلے سے لگایا گیا، اس کی آنتیں پیٹ سے باہر نکلی ہوئی تھیں جبکہ جگر کا ایک بڑا حصہ اور دائیں گردے کا کچھ حصہ بھی غائب تھا، پولیس ان اعضاء کے غائب ہونے کے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس نے جائے وقوع سے مختلف سائز کے 3 چاقو بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمہ وملہ مبینہ طور پر جھاڑ پھونک اور غیر روایتی علاج سے بھی وابستہ تھی۔

راجیش اور وملہ کی شادی کو کئی سال ہو چکے تھے تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی، واقعے کی مزید تحقیقات خاتون کے بیان، فرانزک شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں جاری ہیں۔