اکشے کھنہ نے شادی نہ کرنے کی اصل وجہ بتا دی

اکشے کھنہ—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کھنہ نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے زندگی بھر شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اکشے کھنہ ’دل چاہتا ہے‘، ’بارڈر‘، ’ہلچل‘، ’ریس‘ اور ’دریشیم‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، تاہم شاندار کیریئر کے باوجود انہوں نے کبھی شادی نہیں کی۔

ایک انٹرویو میں اکشے کھنہ نے اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ خود مجھ میں ہے، کیونکہ میں اپنی زندگی کا اختیار کسی اور شخص کو نہیں دے سکتا۔

اکشے کھنہ کے مطابق میں خود کو شادی کے لیے موزوں نہیں سمجھتا اور نہ ہی اس طرزِ زندگی کے لیے تیار ہوں، شادی صرف عہد و پیمان کا نام نہیں بلکہ زندگی میں ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔

اداکار نے کہا کہ ’شادی سب کچھ بدل دیتی ہے، میں اپنی زندگی پر مکمل اختیار چاہتا ہوں، جب آپ اپنی زندگی کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر کرتے ہیں تو آپ اپنی زندگی پر مکمل کنٹرول نہیں رکھ سکتے، آپ کو بہت سا اختیار چھوڑنا پڑتا ہے۔

اکشے کھنہ کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد دونوں افراد ایک دوسرے کی زندگی شیئر کرتے ہیں، جبکہ میں اپنی زندگی کے فیصلوں پر مکمل اختیار برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔

دریں اثناء اکشے کھنہ حال ہی میں فلم ’دھریندر‘ میں رحمٰن ڈکیت کے کردار کے باعث بھی خبروں میں رہے، جہاں ان کی شاندار انٹری سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔