حنا خان نے شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ سنا دیا

—فائل فوٹوز

بھارتی اداکارہ حنا خان نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے اپنی پہلی ملاقات کا دلچسپ واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا۔

حنا خان نے حالیہ پوڈکاسٹ میں راکی جیسوال، روبینہ دلیک اور ابھینو شکلا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات ایک فلائٹ کے دوران ہوئی تھی۔

حنا خان کے مطابق اس وقت میرے ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کو شروع ہوئے تقریباً ڈیڑھ سال ہی ہوا تھا اور میں انڈسٹری میں نئی تھی۔

 اداکارہ نے بتایا کہ میں نے دیکھا کہ شاہ رخ خان میری برابر والی نشست پر بیٹھے ہوئے ہیں اور سو رہے ہیں۔

حنا خان نے کہا کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے بے حد پُرجوش اور گھبرائی ہوئی تھی، لیکن وہ جاگ ہی نہیں رہے تھے، بعد ازاں کافی کے لیے شاہ رخ خان جاگے تو میں نے انہیں سلام کیا اور تصویر کی درخواست کی۔

اداکارہ کے مطابق شاہ رخ خان نے کہا کہ انتظار کرو، میں تمہیں تصویر دوں گا، کافی پینے کے بعد وہ دوبارہ سو گئے اور میں انتظار کرتی رہی۔

حنا خان نے بتایا کہ طیارہ لینڈ ہونے کے بعد مجھے لگا کہ شاید اب تصویر نہیں بن سکے گی، تاہم شاہ رخ خان خود اٹھے، مجھے بلایا اور میرے ساتھ تصویر بنوائی۔

حنا نے بتایا کہ بعد میں ہم دونوں ایک ہی کوچ میں بھی تھے، جہاں شاہ رخ خان آخری نشست پر جا کر دوبارہ سو گئے، اس وقت وہ اپنی کسی فلم کی تشہیر میں مصروف تھے اور کئی دنوں سے سو نہیں پائے تھے۔

دوسری جانب شاہ رخ خان ان دنوں ہدایت کار سدھارتھ آنند کی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی ریلیز 24 دسمبر کو متوقع ہے۔