بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار شاہد کپور کے ساتھی اداکار روح اللّٰہ مہدی اور ان کے ایک ساتھی کو 28 گرام منشیات کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے اور ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں مقیم اداکار روح اللّٰہ مہدی ’دہیسر چیک ناکا‘ پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے آنے والے ہیں۔
سینئر پولیس انسپکٹر کی قیادت میں ٹیم نے جال بچھا کر دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
اداکار کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 5 روز کے لیے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس اب اس ڈرگ نیٹ ورک کے تانے بانے تلاش کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ منشیات کس سے خریدی گئی تھیں اور کسے سپلائی کی جانی تھیں۔
روح اللّٰہ مہدی نے شاہد کپور کی ایکشن ڈراما فلم ’دیوا‘ کے علاوہ کئی معروف ویب سیریز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔