آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی گئی

ساؤتھ ایشین گیمز سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ختم ہوگیا، فیصلوں میں گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی۔ ساؤتھ ایشین گیمز آئندہ سال لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں منعقد ہوں گے۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، ذرائع کے مطابق ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل نے گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی۔

ساؤتھ ایشین گیمز آئندہ سال 3 سے 11 اپریل تک ہوں گے، گیمز میں 28 مردوں اور 25 خواتین کے کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جبکہ رکن ممالک کے 4,200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کریں گے۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں 346 گولڈ میڈلز کے لیے مقابلے ہوں گے جو اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے۔

صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے کہا کہ پاکستان سیف گیمز کی میزبانی کے لیے تیار ہے، حکومت گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور سپورٹ کر رہی ہے اور ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کو شاندار بنائیں گے۔

اجلاس میں سری لنکا، بنگلادیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے وفود نے شرکت کی، جبکہ سیکریٹری پی او اے خالد محمود اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی شریک ہوئے۔

بھارتی وفد نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔