بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے فلم ’دھریندر‘ کی کامیابی پر امبانی خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں ملنے والی ان کی حمایت کسی نعمت سے کم نہیں تھی۔
41 سالہ اداکار نے ریلائنس کی ایک دستاویزی فلم میں گفتگو کے دوران فلم کی کامیابی میں امبانی خاندان کے تعاون کا ذکر کیا۔
رنویر سنگھ کے مطابق ’دھریندر‘ بنانا اور اسے عملی شکل دینا آسان نہیں تھا اور اس دوران کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ فلم کو مکمل اعتماد کے ساتھ سپورٹ کیا گیا، حالانکہ اس وقت میری بعض فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کررہی تھیں، کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، تاہم اس مشکل وقت میں ملنے والی محبت، حمایت اور حوصلہ افزائی میرے لیے بہت معنی رکھتی تھی۔
رنویر سنگھ نے کہا کہ اس نوعیت کی حمایت ملنا میرے لیے کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق آدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دھریندر‘ سیریز کی دونوں فلموں نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں 3 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
فلم میں رنویر سنگھ کے علاوہ اکشے کھنہ، سنجے دت، ارجن رامپال، آر مادھون، سارا ارجن، راکیش بیدی، گورو گیرا اور دانش پانڈور سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’دھریندر‘ سے قبل رنویر سنگھ کی متعدد فلمیں باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔