ایرانی ہیکرز کا برطانوی تنصیب پر کامیاب حملہ، بجلی گھر 4 روز کیلئے بند

— فائل فوٹو

ایرانی ہیکرز برطانوی بجلی گھر کو 4 روز کے لیے بند کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ایرانی ہیکرز نے مذکورہ سائبر حملے کی کارروائی کو برطانوی تنصیب پر پہلا کامیاب سائبر کارروائی قرار دیا۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق یہ سائبر حملہ گزشتہ ماہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بجلی گھر کو مکمل طور پر بند رکھنا پڑا، جبکہ عملہ مسلسل 4 روز تک اس کی بحالی کے لیے کام کرتا رہا۔

برطانوی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے باعث متاثرہ بجلی گھر کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ مبینہ طور پر پہلا موقع ہے جب ایرانی ہیکرز برطانیہ میں کسی بجلی گھر کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ بجلی گھر نسبتاً چھوٹا ہے، جس کے باعث اس کی 4 روزہ بندش سے برطانیہ کے مجموعی بجلی پیدا کرنے یا ترسیل کے نظام پر کوئی نمایاں اثر مرتب نہیں ہوا، تاہم محدود اثرات کے باوجود اس واقعے نے سائبر سیکیورٹی اور بنیادی ڈھانچے کے ماہرین میں تشویش پیدا کر دی ہے، کیونکہ اس سے اہم توانائی کے نظام میں خلل ڈالنے کی مبینہ صلاحیت سامنے آتی ہے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانیہ سمیت دیگر مغربی ممالک میں اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کے حوالے سے انتباہات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ممکنہ طور پر یہ ظاہر کرنا تھا کہ ایران کی آئی آر جی سی سے وابستہ ہیکرز حساس نظاموں تک رسائی حاصل کرنے اور اہم تنصیبات میں خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مبینہ حملہ امریکا میں پانی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے سائبر واقعات کے سلسلے کے دوران پیش آیا۔ ان حملوں سے 12 امریکی ریاستوں میں مختلف تنصیبات متاثر ہوئیں اور امریکی حکام میں تشویش پیدا ہوئی۔

ان واقعات کے بعد یہ خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں کہ ریاستی سرپرستی رکھنے والے ہیکنگ گروہ بجلی، پانی اور دیگر بنیادی خدمات سمیت اہم بنیادی ڈھانچے کو زیادہ تواتر سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔