گھریلو تنازع پر سسرالیوں نے سافٹ ویئر انجینئر کو تشدد کرکے مار ڈالا

فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں گھریلو تنازع پر سافٹ ویئر انجینئر کو اس کے سسرالیوں نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ 

31 سالہ مقتول ونے گپتا کی شادی تقریباً ساڑھے تین سال قبل ریکا نامی خاتون سے ہوئی تھی جو ایک ہاؤس وائف ہے۔ اس جوڑے کے جڑواں بچے (ایک بیٹا اور ایک بیٹی) ہیں۔ ونے نوئیڈا میں بطور سافٹ ویئر انجینئر ملازم تھا اور سالانہ 60 لاکھ روپے سے زائد کماتا تھا۔

ونے کی والدہ کے مطابق، بچوں میں سے ایک کو دوا دینے کے معاملے پر ونے اور ریکا کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ ونے کے اونچی آواز میں بات کرنے پر ریکا غصے میں آ گئی۔ اس تلخ کلامی کے بعد وہ گھر سے چلی گئی اور تقریباً 10 منٹ بعد اپنے میکے والوں کے ساتھ واپس آئی۔

مقتول کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ریکا اپنے دو بھائیوں، بھابھی، والد، چچا اور ایک اور شخص کے ساتھ آئی اور انہوں نے نے گھر کے اندر ونے پر تشدد کیا۔

اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ جب مبینہ حملہ شروع ہوا تو ونے کی والدہ مہمانوں کے لیے پانی اور چائے پانی کا انتظام کرنے گئی ہوئی تھیں۔

اہل خانہ کے الزامات کے مطابق، حملہ آوروں نے ونئے کو مسلسل پیٹا، اس کا گلا گھونٹا اور اس کے سینے پر ہاتھوں اور لاتوں سے وار کیے۔ ہم نے اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن تشدد جاری رہا۔

مقتول کے والد نے بتایا کہ اس جوڑے کے درمیان کچھ عرصے سے معمولی باتوں پر تنازعات چل رہے تھے اور خاندان کو امید تھی کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل ہو جائے گا۔ تاہم یہ صورتحال بالآخر تشدد کی شکل اختیار کر گئی۔

متوفی کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اس واقعے میں ریکا اور 6 سے 7 دیگر افراد ملوث تھے اور انہوں نے ونے کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگایا ہے۔

پولیس نے واقعے کے سلسلے میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ونے کی بیوی ریکا، اس کے دو بھائی اور ایک اور ملزم شامل ہیں۔