وزیراعظم اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے والے افراد اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ دار افراد سے کچرے کی صفائی کے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے یہ اعلان ویسٹ یارکشائر میں ایک غیر قانونی کچرے کے ڈمپ کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے بریڈفورڈ ویسٹ کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقے کو درپیش اہم مسائل، خصوصاً غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ اور رات گئے آتش بازی کے باعث پیدا ہونے والے شور اور خلل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ناز شاہ نے وزیراعظم کے سامنے اپنے حلقے کے عوام کے تحفظات اور مشکلات اجاگر کرتے ہوئے غیر قانونی کچرے کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے رات گئے ہونے والی آتش بازی کے مسئلے کو بھی اٹھایا، جس کے باعث متعدد علاقوں میں رہائشیوں کو شور، نیند میں خلل اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
آتش بازی کے معاملے پر ناز شاہ نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو مسلسل حکومت کے سامنے اٹھاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی اپنے حلقے کے عوام کی آواز مؤثر انداز میں بلند کرتی رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے آتش بازی اور پائروٹیکنکس سے متعلق جاری مشاورت میں حصہ لے کر اپنی رائے اور تجربات حکومت تک پہنچائیں۔
دوسری جانب وزیراعظم اینڈی برنہم نے بتایا کہ حکومت نے ویسٹ کرائم کے خلاف ایک زیادہ مربوط حکمت عملی اختیار کی ہے، جس کے تحت نیشنل کرائم ایجنسی کو ماحولیاتی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق غیر قانونی کچرے کے بعض بڑے ڈمپنگ واقعات کے پیچھے منظم جرائم پیشہ گروہ موجود ہیں۔ نیشنل کرائم ایجنسی ان گروہوں اور ان کے نیٹ ورکس کے بارے میں انٹیلی جنس اکٹھی کرنے اور ذمہ دار افراد تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اینڈی برنہم نے کہا کہ تحقیقات سے حاصل ہونے والی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت ان سے صفائی کے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ قابل قبول نہیں کہ غیر قانونی کچرے کا مسئلہ بڑھتا رہے اور بعد میں صفائی کا مالی بوجھ عوامی خزانے پر ڈال دیا جائے۔ حکومت چاہتی ہے کہ غیر قانونی کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ابتدائی مرحلے ہی میں کارروائی کی جائے اور انہیں اپنے کیے کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا اصول ہے کہ آلودگی پھیلانے والا ہی صفائی کی قیمت ادا کرے۔
بریڈ فورڈ ویسٹ میں غیر قانونی کچرے کی ڈمپنگ اور رات گئے آتش بازی جیسے مسائل مقامی آبادی کے لیے اہم تشویش کا باعث ہیں۔ وزیراعظم اور ناز شاہ کے درمیان ملاقات میں ان دونوں معاملات کو اجاگر کیے جانے سے یہ توقع پیدا ہوئی ہے کہ مقامی مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔