محکمۂ ایوی ایشن انڈسٹری کے 2 اہم اداروں، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کے عارضی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد ایئر پورٹ پر تعمیر کیے جائیں گے جس کے لیے پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران پر مشتمل 7 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس اتھارٹی صادق رحمٰن کو مشترکہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی اسلام آباد ایئر پورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے جگہ کا تعین کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نومبر جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو دسمبر تک اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے موجودہ ہیڈ کوارٹرز کراچی میں قائم ہیں تاہم دونوں اداروں کے ریجنل دفاتر کراچی سمیت ملک بھر میں بدستور قائم رہیں گے۔