جاپان میں پاکستان کے جشنِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے۔
وطن سے ہزاروں میل دور مقیم پاکستانیوں نے اس سال بھی یومِ آزادی کو قومی یکجہتی، وطن سے محبت اور سبز ہلالی پرچم سے اپنی والہانہ وابستگی کے اظہار کے طور پر منایا۔
اسی سلسلے کی ایک بڑی، شاندار اور پُروقار تقریب اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے جاپان میں ایڈوائزر اسد نواز خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں 200 سے زائد پاکستانیوں نے شرکت کی۔
تقریب میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی تقریباً تمام اہم اور معروف سیاسی، سماجی، کاروباری اور کمیونٹی شخصیات موجود تھیں۔
سفارت خانۂ پاکستان ٹوکیو کے ڈپٹی چیف آف مشن حسنین حیدر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان بھی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے، کمیونٹی کے مختلف حلقوں کی بھرپور نمائندگی نے تقریب کو جاپان میں پاکستانیوں کا ایک بڑا قومی اجتماع بنا دیا۔
تقریب کا اہم ترین مرحلہ قومی پرچم کشائی تھا، مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے سابق جنرل سیکریٹری اور تقریب کے مہمان خاص شیخ قیصر محمود نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا تو شرکا نے انتہائی پُرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
قومی ترانے کے احترام میں تمام شرکا کھڑے ہو گئے اور فضا حب الوطنی کے جذبات سے معمور ہوگئی۔ سبز اور سفید لباس میں ملبوس بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے تقریب کو حقیقی معنوں میں جشنِ آزادی کا رنگ دے دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میزبان اسد نواز خان نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو ناصرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے غیر رسمی سفیر کی حیثیت سے ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں اپنے وطن کا ساتھ دیا ہے اور ان کا پاکستان کے ساتھ جذباتی رشتہ وقت اور فاصلے سے کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔
اسد نواز خان نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر حرا شاہ کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور انہیں پاکستان کی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے تقریب میں شریک سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی وطن کے مثبت تشخص اور پاک جاپان تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام تک شرکا کا جوش و جذبہ عروج پر رہا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
اس شاندار اجتماع نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ پاکستانی دنیا کے کسی بھی حصے میں آباد ہوں، سبز ہلالی پرچم، وطن کی محبت اور پاکستان سے ان کا تعلق ہمیشہ ان کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔