پاکستان سمیت 75 ممالک کیلئے روکی گئی امیگرنٹ ویزا کارروائیاں کالعدم قرار

—فائل فوٹو

امریکی عدالت نے 75 ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزے کی کارروائی روکنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی مسترد کر دی، ان ممالک میں پاکستان، بنگلادیش، ایران اور روس بھی شامل ہیں۔

نیویارک کی ڈسٹرکٹ جج جینیٹ ورگاس نے گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پالیسی کالعدم قرار دی۔

دورانِ سماعت جج نے کہا کہ ویزا پالیسی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے قانونی اختیارات سے تجاوز کرتی ہے، جنوری میں نافذ کی گئی محکمۂ خارجہ کی ویزا پالیسی واضح طور پر غیر قانونی اور وفاقی امیگریشن قانون سے متصادم تھی۔

امریکی جج نے فیصلہ تارکینِ وطن حقوق کی تنظیموں کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں سُنایا۔

امریکی عدالت کے فیصلے پر محکمۂ خارجہ نے ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ 75 ممالک کے لیے امریکی امیگرنٹ ویزا کارروائیاں جنوری سے روک دی گئی تھیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا تھا کہ پالیسی میں شامل ممالک کے شہری امریکا میں عوامی بوجھ بن سکتے ہیں۔