منوج باجپائی نئی فلم میں مہاتما گاندھی کا کردار ادا کریں گے

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی فلم ساز سدھیر مشرا کی نئی فلم میں مہاتما گاندھی کا کردار ادا کریں گے۔ 

فلم میں گاندھی کی زندگی کے ایک نسبتاً کم معروف اور اہم دور کو بڑے پردے پر پیش کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی مہاتما گاندھی کی زندگی کے 21 دنوں پر مبنی ہو گی، جو بھارت کی آزادی کے دور سے تعلق رکھتے ہیں۔

 فلم میں گاندھی کی پوری زندگی دکھانے کے بجائے ان کی زندگی کے ایک مخصوص اور اہم حصے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

فلم ساز سدھیر مشرا کے مطابق کہانی اس دور کو اجاگر کرے گی جب بھارت آزادی کی جانب بڑھ رہا تھا اور دہلی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا تھا، اسی دوران گاندھی نے دہلی سے دور جانے کا غیر متوقع فیصلہ کیا۔

سدھیر مشرا نے کہا ہے کہ یہ فلم تاریخ کے ایک اہم لیکن کم معروف باب یعنی بھارت کی آزادی کے دوران مہاتما گاندھی کی زندگی کے 21 دنوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک آزادی حاصل کر رہا تھا اور دہلی اقتدار کا مرکز بنتا جا رہا تھا تو گاندھی نے وہاں سے دور جانے کا فیصلہ کیا، تاہم یہ ان کا پسپائی اختیار کرنا نہیں تھا بلکہ انہوں نے خود کو ایک نئے انداز میں منظم کیا۔

یہ پہلی مرتبہ ہو گا کہ منوج باجپائی پردۂ سیمیں پر مہاتما گاندھی کا کردار ادا کریں گے، فلم میں اداکار سوربھ شکلا بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم کے ذریعے سدھیر مشرا اور انوبھو سنہا ایک بار پھر سماجی اور تاریخی موضوع پر اکٹھے کام کر رہے ہیں۔

منوج باجپائی کے لیے مہاتما گاندھی کا کردار ان کے کامیاب کیریئر میں ایک اور نمایاں اضافہ ہو گا، وہ متعدد ایوارڈ یافتہ اور تنقیدی طور پر سراہے جانے والے کردار ادا کر چکے ہیں۔