پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی اڈیالہ جیل سے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا بیان سامنے آ گیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں ماہرِ امراض چشم، ماہر امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے بانیٔ پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ طبی معائنے کے بعد انہیں 21 اگست کی صبح 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہیں اسپتال سے اڈیالہ جیل انتہائی سخت سیکیورٹی میں واپس لایا گیا۔