بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سیکیورٹی حصار میں اڈیالا جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال روانہ ہوگئے۔
عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شفا اسپتال آنے اور جانے والے راستے ٹریفک کےلیے بند کیے ہوئے ہیں۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کرلیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا جائے گا، 6 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرے گی، چیک اپ کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی کو ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات مکمل کرلیے گئے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کا امکان بھی ظاہر کر دیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست بعض اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔