اگر نئی جنگ چھیڑی گئی تو ایران مزید تباہ کُن ہتھیار استعمال کرے گا: بریگیڈیئر جنرل محبی

بریگیڈیئر جنرل محبی— فائل فوٹو

ایرانی سپاہ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محبی کا کہنا ہے کہ اگر نئی جنگ چھیڑی گئی تو ایران مزید تباہ کُن ہتھیار استعمال کرے گا۔

اپنے ایک بیان میں بریگیڈیئر جنرل محبی نے کہا ہے کہ اب کی بار ہمارے ہتھیار ہر لحاظ سے مختلف ہوں گے، میزائلوں کے وار ہیڈز پہلے سے زیادہ تباہ کُن ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل جدید وار ہیڈز کے ساتھ پہلے سے بہتر انداز میں ہدف کو نشانہ بنائیں گے۔

بریگیڈیئر جنرل محبی نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران اپنے ہتھیار بنا رہا ہے جو پہلے سے زیادہ جدت کے حامل ہیں۔

ایرانی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محبی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی جنگ چھیڑ دی ہے۔

امریکی صدر نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ تیل کی اسمگلنگ سمیت ایران سے ہر قسم کا معاشی تعلق توڑ لے ورنہ بڑے اقتصادی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں، یہ غیر معمولی پیمانے پر معاشی جنگ اور ایران کو تنہا کرنے کی کارروائی ہو گی۔

علاوہ ازیں امریکا کا آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے لیے خفیہ آپریشن بھی جاری ہے۔

آبنائے ہرمز سے روزانہ تقریباً 10 ملین بیرل تیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ہر رات 15 سے 20 آئل ٹینکرز جنوبی راستے سے آتے جاتے ہیں۔

خام تیل کی ترسیل کے لیے خفیہ بحری راستہ قائم ہے، اس آپریشن کی نگرانی فورٹ بریگ اور شمالی کیرولائنا سے کی جا رہی ہے۔