بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی سابق اہلیہ سیما سجدیہہ نے اپنے سابق کے بارے میں کہا کہ وہ روٹین اور عادات کے پابند انسان ہیں اور اپنے کمفرٹ زون میں رہنا پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے اداکار جوڑے نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سہیل عام طور پر لوگوں کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں، لیکن زیادہ گفتگو کرنے والے انسان نہیں ہیں۔
وہ زیادہ تر اپنے آپ میں رہنا پسند کرتے ہیں اور اپنے مانوس ماحول میں خود کو زیادہ آرام دہ محسوس کرتے ہیں اور بہت ہی نجی طبیعت کے مالک ہیں، اپنی ذات تک محدود رہنا پسند کرتے ہیں۔
سیما نے اپنے رشتوں کے حوالے سے اپنے نقطۂ نظر پر بھی بات کی اور بتایا کہ اگرچہ وہ مستقبل میں کسی رفاقت کے امکان کو مسترد نہیں کرتیں، لیکن فی الحال وہ تنہا زندگی میں بہت خوش اور مکمل مطمئن ہیں۔
سہیل خان سے طلاق کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک مصروف دن گزارنے کے بعد اب ان کی سب سے زیادہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ گھر جائیں اور اپنے کتوں کے ساتھ وقت گزاریں۔
سیما نے اس موقع پر بڑھتی عمر، خوبصورتی اور اپنی ذات کا خیال رکھنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور انکشاف کیا کہ اپنی خوبصورتی اور اسکن کیئر روٹین کے لیے وہ فلرز، بوٹوکس اور پروف ہیلو جیسے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس کے ساتھ ساتھ لیزر ٹریٹمنٹس بھی کروا چکی ہیں۔
شو میں سیما سجدیہہ کی گفتگو کا مرکزی موضوع دراصل اپنی ذات کو سمجھنا اور اس کے ساتھ سکون محسوس کرنا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بغیر کسی جھجھک کے بات کی اور مشکل موضوعات سے بھی گریز نہیں کیا۔