مظاہروں کے الزام میں غیر ملکی شہری کو سزائے موت دیدی گئی

— تصویر بشکریہ ایرانی میڈیا

ایران میں حکومت مخالف مظاہروں سے متعلق الزامات پر ایک غیر ملکی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ قائم حسینی کو اصفہان میں ایرانی فورسز پر حملے کے الزام پر سزائے موت دی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اصفہان میں مظاہرین کے حملے میں 4 ایرانی سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ ایرانی عدلیہ نے یہ نہیں بتایا کہ قائم حسینی کا تعلق کس ملک سے تھا، تاہم حسینی ان افراد میں شامل تھا جن کے خلاف جنوری میں اصفہان کے علی خانی اسکوائر پر ہونے والے احتجاج سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق قائم حسینی کو ہتھیار نکالنے، خوف و ہراس پھیلانے، بڑے پیمانے پر عوامی عدم تحفظ پیدا کرنے، قومی سلامتی کے خلاف کارروائی کرنے اور امنِ عامہ میں شدید خلل ڈالنے کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔