انڈوں سے وائرس پھیلنے لگا، ایک شخص ہلاک، 200 سے زائد افراد بیمار

علامتی فوٹو

مانچسٹر: انڈوں کے استعمال سے سالمونیلا نامی ایک وائرس پھیلنے سے ایک شخص کی ہلاکت اور 200 سے زائد افراد کے بیمار ہونے کی تصدیق کے بعد برطانیہ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امپورٹڈ انڈوں میں سالمونیلا نامی ایک وباء سے سیکڑوں افراد کی بیماری نے ہلچل برپا کردی۔

برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے قومی انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ باور کیا جا رہا ہے کہ متاثر افراد کیفے اور ریستوران میں کھانے کے بعد بیماری کا شکار ہوئے۔

ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 207 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ متاثرہ افراد انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ سے ہیں۔ 

 فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی نے کہا کہ تحقیقات میں درآمدشدہ انڈوں کے ایک لنکس کی نشاندہی کی گئی ہے جو بنیادی طور پر کھانے کی خدمات اور کیٹرنگ اداروں جیسے ریستوران میں استعمال ہوتے ہیں۔

انڈوں، انڈوں کے خول یا پیکیجنگ کرنے والے افراد پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

میڈیکل ریسرچ کونسل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ڈیمین ٹولی نے کہا ہے کہ مرغیاں جو برطانیہ کی سپر مارکیٹوں میں فروخت ہونیوالے انڈے تیار کرتی ہیں ان کو سالمونیلا کی سب سے عام قسموں کیخلاف ویکسین لگائی جاتی ہے، جس سے برطانیہ میں اس وائرس کے پھیلنے کا امکان نہیں ہوتا۔