بدین میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک نوجوان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ورثاء کے اعتراضات

اسکرین گریب جیو نیوز 

بدین کے نواحی علاقے کڈھن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک نوجوان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ورثاء نے اعتراضات کر دیے۔

محرم دل کے ورثاء نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کو جعلی قرار دے دیا اور قبر کشائی کرکے دوبارہ پوسٹ مارٹم کروانے کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔

ہلاک نوجوان محرم دل کے والد نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ لاش کو غسل دینے کے وقت جسم پر گولیوں کے زخموں کے علاوہ پوسٹ مارٹم کے لیےجسم پر کٹ لگانے کا کوئی نشان موجود نہیں تھا، تدفین سے قبل کے جسم کی ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں۔

26 جولائی کو مبینہ مقابلے میں مارے گئے نوجوان کی پوسٹمارٹم رپورٹ 31 جولائی کو رورل ہیلتھ سینٹر سے جاری کی گئی تھی۔

ڈی ایچ او بدین کا کہنا ہے کہ میڈیکل لیگل آفیسر دستیاب نہ ہو تو ایم ایس یا سینئر ڈیوٹی ڈاکٹر پوسٹ مارٹم کر سکتا ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ 26 جولائی کو منشیات فروش محرم دل پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا مقابلے میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔