پیرس: اوورسیز پاکستانیوں کی درخواست اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کر دیا، جہاں بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے بجلی کے میٹرز، زائد بلز، بھاری ٹیرف اور دیگر متعلقہ شکایات براہِ راست حکام کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر چوہدری خالد محمود اور ایڈیشنل چیف انجینئر وحید احمد عباسی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی وطن عزیز میں رہائشی جائیدادیں اور مکانات موجود ہیں، جہاں اہل خانہ کی عدم موجودگی یا کم بجلی کے استعمال کے باوجود بعض اوقات بھاری بل موصول ہوتے ہیں، جس سے انہیں دیارِ غیر میں رہتے ہوئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں نے بالخصوص ایسے معاملات کی طرف توجہ دلائی ہے جن میں بجلی کے استعمال میں معمولی اضافے، خصوصاً 200 یونٹ سے صرف ایک یونٹ زیادہ استعمال ہونے کی صورت میں، ٹیرف میں نمایاں فرق پڑنے اور مسلسل کئی ماہ تک بھاری بل آنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔
ان کا مطالبہ ہے کہ ایسے معاملات کا شفاف طریقے سے جائزہ لے کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے اور غلط یا زائد بلنگ کی صورت میں فوری اصلاح کی جائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر چوہدری خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف انجینئر وحید احمد عباسی نے اپنے دفتر سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جبکہ مختلف سب ڈویژنز میں بھی کھلی کچہریوں کے ذریعے صارفین کے مسائل سننے اور ان کے فوری ازالے کا سلسلہ جاری ہے۔
کھلی کچہری کے دوران صارفین نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست حکام کے سامنے پیش کیں، جن پر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
ایڈیشنل چیف انجینئر وحید احمد عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کی جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کسی بھی شکایت کو بلاوجہ زیرِ التوا نہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ان کی شکایات کا بروقت ازالہ اور شفاف انداز میں مسائل حل کرنا محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بجلی کے بلز اور میٹرز سے متعلق شکایات کا مکمل جائزہ لے کر حقائق کی بنیاد پر کارروائی کی جائے، تاکہ صارفین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد صارفین اور محکمہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مؤثر بنانا اور شکایات کے حل میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے اسی طرز پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ وطن عزیز میں موجود رہائشی مکانات اور جائیدادوں پر نصب گیس میٹرز، بھاری بلز، زائد بلنگ اور بلاجواز میٹر اتارنے سے متعلق شکایات بھی عرصہ دراز سے سامنے آ رہی ہیں، جن کے حل کے لیے مؤثر اور براہِ راست شکایتی نظام ضروری ہے۔
کھلی کچہری کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل سرکل و ایکسین میاں محمد اصغر، ڈپٹی کمرشل منیجر عظمت حسین، ایس ڈی او محمد عمران، ریونیو آفیسر آصف شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل چیف انجینئر وحید احمد عباسی نے شکایات سننے کے بعد متعلقہ افسران کو فوری کارروائی اور مقررہ وقت کے اندر شکایات کے ازالے کی ہدایات جاری کیں۔
اوورسیز پاکستانیوں نے امید ظاہر کی کہ آن لائن کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن میں موجود جائیدادوں سے متعلق بجلی و گیس کے مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ محکمے مؤثر اقدامات کریں گے۔