گرفتار ملزم عامر زیب کی ضمانت کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

فائل فوٹو 

پشاور ہائی کورٹ نے کوہستان مالی اسکینڈل میں گرفتار ملزم عامر زیب کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے درخواست گزار کو کوہستان مالی اسکینڈل میں گرفتار کیا ہے۔ درخواست گزار مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے اور اس وقت جیل میں ہے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عامر زیب طبی بنیادوں پر ضمانت حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنا علاج کروا سکے۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں نیب کے قیدی ہی بیمار ہوتے ہیں۔

اس پر جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے، ’’یہ تو آج کل سب کا مسئلہ ہے۔‘‘

عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا اور درخواست کی سماعت ملتوی کردی۔