پولیس فیڈریشن میں فراڈ کی تحقیقات، دو حاضر سروس پولیس افسران سمیت چار افراد زیر حراست

فوٹو: فائل

مانچسٹر: انگلینڈ اور ویلز کی پولیس فیڈریشن میں فراڈ کی تحقیقات کے دور ان دو حاضر سروس پولیس افسران سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پولیس فیڈریشن تحقیقات میں ملزمان پر دھوکہ دہی اور رشوت ستانی کے سنگین الزامات ہیں۔

حکام کی طرف سے دو مردوں اور دو خواتین کو لیدر ہیڈ اور سرے میں فیڈریشن کے دفتر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان 40 سے 50 سال کی عمر کے درمیان بیان کیے گئے ہیں۔

سٹی آف لندن پولیس ڈومیسٹک کرپشن یونٹ کی طرف سے کہا گیا کہ چاروں مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، یہ ایکشن مارچ میں اسی کیس سے منسلک دیگر تین گرفتاریوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ پولیس فیڈریشن 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد مختلف رینک کے افسران و اہلکاروں، چیف انسپکٹر، سپیشل کانسٹیبل تک کی نمائندگی کرتی ہے۔

تحقیقات میں اہم پیش رفت پر پولیس کا موقف ہے کہ حراست میں لیے جانیوالے چارو ں افراد سے تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ مارچ میں تین افراد کو عہدے کا غلط استعمال کرنے اور دھوکہ دہی کے شبہ میں حراست میں لیا گیا تھا۔