اپوروا مکھیجا نے بھارت چھوڑ کر نیویارک منتقلی کی وجہ بتا دی

—فائل فوٹوز

’ریبل کڈ‘ کے نام سے مشہور بھارتی کنٹینٹ کری ایٹر اپوروا مکھیجا نے انکشاف کیا ہے کہ میں اب بھارت چھوڑ کر نیویارک منتقل ہو گئی ہوں۔

حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نیویارک میں تعلیم حاصل کرنا میرا دیرینہ خواب تھا، نیویارک شہر کی تیز رفتار زندگی، لباس، کھانے اور فنِ تعمیر نے مجھے بہت متاثر کیا، میں نے نیویارک کے ایک تعلیمی ادارے میں داخلے کے لیے درخواست دی تھی اور مجھے داخلہ مل گیا۔

اپوروا مکھیجا نے بتایا کہ میں نیویارک میں ایم بی اے کی تعلیم حاصل کروں گی اور ہاسٹل میں رہتے ہوئے دوبارہ بطور طالب علم زندگی شروع کروں گی۔

انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس تبدیلی کے باعث میں کچھ گھبراہٹ بھی محسوس کر رہی ہوں کیونکہ میرے دوست، پیشہ ورانہ زندگی اور دیگر مانوس چیزیں بھارت میں ہی رہ گئی ہیں۔

کنٹینٹ کری ایٹر نے بتایا کہ بیرونِ ملک منتقل ہونے کا ایک مقصد نئے لوگوں سے ملنا اور اپنے سماجی حلقے کو مواد تخلیق کرنے والے افراد سے آگے بڑھانا بھی ہے۔

اپوروا نے کہا کہ میرا ’جھگڑالو عورت‘ والا دور اب ختم ہو چکا اور میں اب سوشل میڈیا صارفین کی پسند کو سمجھتے ہوئے مواد تیار کرتی ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نیویارک سے اپنی مرضی کے مطابق مواد تخلیق کروں گی، ممکن ہے کہ میں پہلے کی طرح باقاعدگی سے واقعات پر مبنی ویڈیوز نہ بناؤں۔

واضح رہے کہ اپوروا مکھیجا کو حال ہی میں نیٹ فلیکس کے رئیلٹی شو ’لاک اپ‘ کے دوسرے سیزن میں دیکھا گیا جہاں انہوں نے 2 ہفتوں تک مخبر کے طور پر گھر میں داخل ہو کر شرکاء کے درمیان صورتِ حال بدلنے کی ذمے داری سنبھالی تھی۔