عائزہ خان سے علیحدگی کی افواہوں پر دانش تیمور سامنے آ گئے

ڈراموں کے سپر اسٹار دانش تیمور—فائل فوٹو

ڈراموں کے سپر اسٹار دانش تیمور کا کہنا ہے کہ عائزہ خان میرے پیارے بچوں کی ماں اور میری شریک حیات ہیں، کچھ لوگوں کو ہماری شاندار زندگی اچھی نہیں لگ رہی۔

جنگ ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم خوش حال ازدواجی زندگی بسر کر رہے ہیں، میں ان دنوں اپنے پروجیکٹ میں دن رات مصروف ہوں، فضول باتوں اور جھوٹی خبروں پر دھیان نہیں دیتا۔

ایک سوال کے جواب میں دانش تیمور نے بتایا کہ جیو اور بابر جاوید کے ڈرامے ہمراہی کا دنیا بھر سے رسپانس مل رہا، حبا بخاری کے ساتھ میری جوڑی پسند کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو میری کامیابی اور شہرت ہضم نہیں ہو رہی ہے لیکن میں مثبت سوچ کے ساتھ اپنے کام پر توجہ دے رہا ہوں، جس کا نتیجہ مداحوں کو اسکرین پر نظر آتا ہے۔

دانش تیمور کا کہنا ہے کہ اللّٰہ نے ہمارے رشتے میں محبت کے ساتھ احترام کا جذبہ رکھا ہے جس سے ہم برسوں سے پُرسکون زندگی بسر کر رہے ہیں، زمین پر بسنے والے کچھ لوگ حسد کی نگاہ رکھتے ہیں اور منفی باتیں پھیلا کر ہمارے ازدواجی رشتے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں رہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میری ساری شہرت اور کامیابی میرے رب کی عطاء ہے۔